عمران خان کی ہدایت پرسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع،نوجوان تیاررہیں،سہیل آفریدی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کردی ہے، آئین ہمیں پرامن احتجاج کا حق دیتا ہے، ہم یہ حق ہر صورت استعمال کریں گے۔
پشاور میں تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کر جدوجہد کی ہے اور یہی ہماری پہچان ہے، عمران خان کی ہدایت پر اسٹریٹ موومنٹ کی تیاری شروع کر دی گئی ہے، نوجوان ہر سطح پر تیار رہیں، آئین ہمیں پُرامن احتجاج کا حق دیتا ہے جسے ہر صورت استعمال کریں گے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ملک دشمن سیاسی جماعتوں نے اقتدار کی خاطر اداروں اور جمہوریت کو نقصان پہنچایا اور سپریم کورٹ پر حملہ بھی انہی قوتوں نے کیا، سازشی عناصر نوجوانوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کریں گے اس لیے فوکس نہ ہٹائیں، نوجوان ملک دشمن بیانیے اور منفی پروپیگنڈے سے ہوشیار رہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ غلط سیاسی کلچر اور انتشار کی سیاست کرپٹ عناصر نے متعارف کروائی، حقیقی آزادی کی جدوجہد آئین و قانون کے دائرے میں جاری رہےگی۔



