نوعمر موٹرسائیکل سوار طلباء کے خلاف مقدمات خارج کیے جائیں تاکہ مستقبل محفوظ رہے: ناصر قریشی

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)نوعمر موٹرسائیکل سوار طالب علموں پر درج کیئے گئے مقدمات خارج کئیے جائیں تاکہ ان کا کریکٹر سرٹیفکیٹ داغدار نہ ہو ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل کمیشن فار ہیومن رائٹس جرنلسٹس ونگ سرگودھا کے ضلعی جنرل سیکرٹری ناصر قریشی نے اپنے ایک بیان میں کیا انہوں نے کہا کہ گزشتہ ویک اینڈ ملکی تاریخ کا سب سے خوفناک ویک اینڈ تھا جب ایک وائرلیس میسج نے ہزاروں بیگناہ شہریوں جن میں نوعمر موٹر سائیکل سوار طالب علم بھی شامل تھے ان سب کو ایک ہی رات میں مجرم بنا دیا انہوں نے کہا کہ وائرلیس پیغام انتہائی مختصر مگر ظالمانہ تھا کہ زیرو برداشت،فوری ایف آئی آر ،فوری گرفتاری اور اس پیغام کے نشر ہوتے ہی پنجاب پولیس نے آگ برسانے والی کاروائی شروع کرکے شام تک صوبے بھر کے لاک اپ نوعمر طلباء سمیت بے گناہ شہریوں سے بھر دیئے ناصر قریشی نے کہا کہ گرفتار ہونے والے نہ چور تھے،نہ بھتہ خور تھے نہ ہی قبضہ مافیا یا منشیات فروشوں سے کوئی تعلق تھا ان کا جرم ہیلمٹ کا استعمال نہ کرنا اور ڈرائیونگ لائسنس کا نہ ہونا تھا ان گرفتار شدگان میں معصوم نوعمر طالب علم بھی تھے جنکے خلاف مقدمات درج ہوئے اور ان کے کریکٹر سرٹیفکیٹ کے خانے میں لفظ مجرم کا اضافہ ہوگیا جس سے ان کا مستقبل تاریک ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ان کیلئے ملازمتوں کے حصول کے دروازے کریکٹر سرٹیفکیٹ میں جرم کے اندراج کی وجہ سے بند ہو سکتے ہیں انہوں نے حکومت سے اپیل کی ہے کہ طالب علموں کے خلاف مقدمات خارج کئیے جائیں تاکہ مستقبل میں ان کے لئے مشکلات پیدا نہ ہوں



