پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)آج ملک بھر میں کشمیری عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی، ان کی جدوجہدِ آزادی اور بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ یکجہتی کشمیر عقیدت، درد اور قومی عزم کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ یہ دن اس پختہ عہد کی تجدید ہے کہ کشمیری عوام اپنے حقِ خودارادیت کی جدوجہد میں تنہا نہیں ہیں۔
پاکستان اور آزاد کشمیر میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بہنے والے معصوم لہو کو سلام پیش کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر ملک کے مختلف شہروں میں خصوصی تقاریب، جلسے، جلوس، ریلیاں، سیمینارز اور کانفرنسز منعقد کی جا رہی ہیں، جن میں مسئلہ کشمیر کو عالمی ضمیر کے سامنے بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔
یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنا کر مقبوضہ وادی کے عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا، جبکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی بھی آج کشمیری عوام کے ساتھ آواز ملا رہے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سات دہائیوں کے دوران مقبوضہ جموں و کشمیر میں چھ لاکھ سے زائد کشمیری شہید کیے جا چکے ہیں۔ صرف گزشتہ 34 برسوں میں 96 ہزار سے زائد کشمیری اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے، 7 ہزار سے زیادہ افراد دورانِ حراست شہید ہوئے جبکہ ایک لاکھ سے زائد بچے شفقتِ پدری سے محروم ہو چکے ہیں۔
05 اگست 2019 کے بعد بھارتی مظالم میں مزید اضافہ ہوا۔ گزشتہ پانچ برسوں کے دوران 966 کشمیری شہید، 25 ہزار سے زائد گرفتار اور ہزاروں افراد کو عقوبت خانوں میں بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ جنوری 2025 میں بھی ریاستی جبر کا یہ سلسلہ نہ رکا اور مزید بے گناہ کشمیری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
یومِ یکجہتی کشمیر اس واضح پیغام کے ساتھ منایا جا رہا ہے کہ پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا ہے، ان کی جدوجہد ہماری جدوجہد ہے، اور وہ دن ضرور آئے گا جب وادیٔ کشمیر میں آزادی کا سورج پوری آب و تاب کے ساتھ طلوع ہوگا۔



