پی اے سی اجلاس: فنڈز ہونے کے باوجود قصور میں اسٹیڈیم مکمل نہ ہونے کا انکشاف

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پی اے سی کی ذیلی کمیٹی کے اجلاس کے دوران فنڈز ہونے کے باوجود قصور میں اسٹیڈیم مکمل نہ ہونے کا انکشاف ہواہے، پاکستان سپورٹس بورڈ کے حکام نے بتایا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی ختم ہونے کی وجہ سے ریکارڈ نہیں مل سکاکمیٹی نے اسپورٹس بورڈ کو دو ہفتوں میں فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔ یہ انکشاف بھی ہوا کہ قومی کمیشن برائے انسانی ترقی کی جانب سے نیویارک میں  فنڈز جمع کرنے کیلئے کرائے گئے اسٹیج ڈرامے کی آمدن اخراجات سے کم رہی۔

شاہدہ اختر علی کی زیر صدارت ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ سے متعلق آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔ فنڈز ہونے کے باوجود قصور میں اسٹیڈیم مکمل نہ ہونے کے انکشاف پر آڈٹ حکام نے بتایا کہ پاکستان اسپورٹس بورڈ نے تعمیراتی کام کی مانیٹرنگ نہیں کی۔ پاک پی ڈبلیو ڈی ختم ہونے کی وجہ سے ریکارڈ نہیں مل سکا۔

بلال مندوخیل نے کہا کہ پی ڈبلیو ڈی تو ابھی ختم ہوا ہے، دوہزار چھ  سے اب تک کیا ہوتا رہا؟ اس پر سپورٹس بورڈ کے حکام نے کہا کہ پی سی ون پر نظرثانی کا فیصلہ ہوا تھا ، یہ منصوبہ اب صوبائی حکومت کے پاس چلا گیا ہے ۔ کمیٹی نے دو ہفتوں میں فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ مانگ لی۔

 نیویارک میں فنڈز جمع کرنے کیلئے کرائے گئے اسٹیج ڈرامے سے نقصان ہونے کا انکشاف بھی ہوا،  آڈٹ حکام نے بتایا کہ قومی کمیشن برائے انسانی ترقی نے دوہزار چار میں انارکلی نامی ڈرامے کیلئے دو کروڑ ترانوے  لاکھ روپے خرچ ہوئے لیکن جمع صرف دو کروڑ ہوسکے۔ بلوچستان کے ضلع پشین میں بی سی ایس اسکول کا ایجنڈا بھی زیر بحث آیا۔ آڈٹ حکام نے کہا کہ پشین میں جانچ کے دوران پانچ میں سے صرف دو اسکول فعال پائے گئے۔ بار بار ہدایت کے باوجود مانیٹرنگ رپورٹس فراہم نہیں کی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button