سری لنکا: سیلاب اور زمین کھسکنے سے 56 افراد ہلاک

کولمبو(مانیٹرنگ ڈیسک) سری لنکا میں سیلاب اور زمین کھسکنے سے 56 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ 600 سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام کے مطابق اس شدید صورتحال کے پیش نظر حکومت نے تمام سرکاری دفاتر اور اسکول بند کرنے کا اعلان کیا ہے، موسلا دھار بارشوں کے باعث حالات خراب ہوئے تھے، ان بارشوں نے گھروں، کھیتوں اور سڑکوں کو زیرِ آب کر دیا اور ملک کے مختلف حصوں میں زمین کھسکنے کے واقعات کو جنم دیا۔

دارالحکومت کولمبو سے تقریباً 300 کلومیٹر مشرق میں واقع اور چائے کی پیداوار کے لیے مشہور بادولا اور نوورا ایلیا کے وسطی پہاڑی علاقوں میں زمین کھسکنے کے باعث 25 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے۔

حکومت کے ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق، بادولا اور نوورا ایلیا میں مزید 21 افراد لاپتا اور 14 زخمی ہوئے ہیں، ملک کے دیگر حصوں میں بھی زمین کھسکنے کے واقعات میں مزید افراد ہلاک ہوئے ہیں، شدید موسم کے باعث زیادہ تر ڈیم اور دریاؤں میں پانی کی سطح حد سے تجاوز کر گئی ہے جس کی وجہ سے سڑکیں بند ہو گئی ہیں۔

حکام نے کئی حصوں میں مسافر ٹرینیں روک دی اور سڑکیں بند کر دی ہیں، راستوں اور ریلوے ٹریکس پر پتھر، مٹی اور درخت گر گئے۔

مزید خبریں

Back to top button