ون ڈے سیریز کی شکست کو پیچھے چھوڑ دیا، اب سہ ملکی ٹی 20سیریز پر فوکس ہے۔ سری لنکن کپتان

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)سری لنکن کپتان داسن شناکا نے کہا ہے کہ ان کی ٹیم حالیہ ون ڈے سیریز کی شکست کو پیچھے چھوڑ کر سہ ملکی ٹی 20 سیریز میں اچھی کارکردگی دکھانے کی بھرپور کوشش کرے گی۔
سری لنکن کپتان داسن شناکا راولپنڈی اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ ہم نے ون ڈے سیریز میں بری طرح شکست کھائی لیکن ٹی 20 کرکٹ مختلف ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے تجربہ کار کھلاڑیوں سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا ہو گا اور ساتھ ہی نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیت کو بروئے کار لانا ہو گا۔
انہوں نے کہا کہ سری لنکا ایشیا کپ میں توقع کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکا، اگرچہ کچھ میچوں میں ٹیم نے بہتر نتائج دیئے۔ اب ہمیں کھیل کے تینوں شعبوں بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ پر مکمل توجہ دینی ہو گی۔
باؤلنگ کی درستگی بہت اہم ہے اور ون ڈے سیریز میں ہماری کیچنگ قابل اطمینان نہیں رہی، اس لیے فیلڈنگ میں خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے۔
شناکا نے مزید کہا کہ ٹیم ماضی کو بھلا کر مثبت سوچ اور مربوط حکمت عملی کے تحت سہ ملکی سیریز میں حصہ لے گی اور اچھی کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کرے گی۔
واضح رہے کہ آج سے راولپنڈی میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کے درمیان سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا آغاز ہوگا، پہلا میچ آج شام پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلا جائے گا۔



