نیول چیف کی خواتین اسکواش کھلاڑیوں سے ملاقات

اسلام آباد (اسٹاف رپورٹ) چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے نیول ہیڈکوارٹرز میں ابھرتی ہوئی اسکواش کھلاڑیوں مہنور علی اور سحرش علی سے ملاقات کی، جو حال ہی میں منعقدہ سی این ایس اسکواش چیمپیئن شپ کی ونر اور رنر اپ رہیں۔
نیول چیف نے دونوں کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی اور کھیل کے میدان میں غیر معمولی محنت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ مہنور علی اور سحرش علی جیسے باصلاحیت نوجوان پاکستان کا فخر ہیں، اور ان کی کامیابیاں ملک میں خواتین اسپورٹس کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
ایڈمرل نوید اشرف نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان نیوی ملک میں خواتین ایتھلیٹس اور قومی کھیلوں کی سرپرستی جاری رکھے گی، تاکہ نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کو عالمی سطح پر منوا سکیں۔
ملاقات کے اختتام پر نیول چیف نے کھلاڑیوں کو مستقبل میں بہترین کارکردگی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔



