20سال بعد بھی ھالا کا سپورٹس کمپلیکس مکمل نہ ہوسکا، سول سوسائٹی یونائیٹڈ میمن جماعت کی پریس کانفرنس میں سخت تنبیہ

ھالا(رپورٹ:امجد راجپوت) ہالا میں گزشتہ 20 برس سے زیرِ تعمیر اسپورٹس کمپلیکس تاحال مکمل نہ ہو سکا، جس کے باعث نوجوان کھیلوں کی سرگرمیوں سے محروم ہوتے جا رہے ہیں۔
اس صورتحال کے خلاف اسپورٹس کمپلیکس کے گراؤنڈ میں سول سوسائٹی یونائیٹڈ میمن جماعت کی جانب سے پریس کانفرنس منعقد کی گئی پریس کانفرنس میں سید گلفام شاہ، جاوید میمن، کے کے نارائن داس، ڈاکٹر عبدالرشید میمن سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ اسپورٹس کمپلیکس نوجوانوں کے لیے نہایت اہم منصوبہ ہے، جس کا مقصد صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینا تھا، مگر 20 سال گزرنے کے باوجود منصوبہ ادھورا ہے۔ رہنماؤں کا کہنا تھا کہ کھیلوں کی سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے نوجوان کھیلوں سے دور اور منفی سرگرمیوں کی طرف مائل ہو رہے ہیں، جبکہ اسپورٹس کمپلیکس مکمل نہ ہونے کے باعث ہالا سے قومی اور صوبائی سطح کے کھلاڑی بھی تیار نہیں ہو پا رہے۔ پریس کانفرنس کے دوران حکومت سندھ اور ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا گیا کہ اس منصوبے کا فوری نوٹس لیا جائے۔ سید گلفام شاہ نے اسپورٹس کمپلیکس کے لیے جاری کیے گئے فنڈز کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ کے کے نارائن داس نے خبردار کیا کہ اگر اسپورٹس کمپلیکس پر فوری کام شروع نہ کیا گیا تو سول سوسائٹی احتجاج کا راستہ اختیار کرے گی۔ آخر میں نوجوانوں اور کھلاڑیوں نے حکومت سے اپیل کی کہ ہالا جیسے تاریخی شہر کو کھیلوں کی سہولیات سے محروم نہ رکھا جائے اور اسپورٹس کمپلیکس کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔



