دنیا کا سب سے بڑا مکڑیوں کا جال، البانیہ اور یونان کی سرحد پر دریافت

ایتھنز(جانو ڈاٹ پی کے)محققین نے البانیہ اور یونان کی سرحد پر واقع ایک غار میں مکڑیوں کا ایک غیر معمولی طور پر وسیع جال دریافت کیا ہے، جو ممکنہ طور پر دنیا کا سب سے بڑا مکڑیوں کا جال قرار دیا جا رہا ہے۔

حال ہی میں دریافت ہونے والا یہ جال تقریباً 100 مربع میٹر کے رقبے پر پھیلا ہوا ہے اور اس میں 69 ہزار مقامی مکڑیاں ’بارن فنل ویور‘ اور 42 ہزار ’شیٹ ویور اسپائیڈر‘ رہائش پذیر ہیں۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ سوشل مکڑیاں عام طور پر ایسے جالے بناتی ہیں جن میں ہزاروں مکڑیاں ایک ساتھ رہتی ہیں، تاہم مختلف اقسام کی مکڑیوں کا مشترکہ جال انتہائی نایاب تصور کیا جاتا ہے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سے قبل محققین نے ایسا کوئی جال دریافت نہیں کیا تھا جس میں دو مختلف اقسام کی مکڑیاں اکٹھے رہ رہی ہوں۔

یہ حیرت انگیز دریافت سب سے پہلے 2022 میں مہم جوؤں نے زیرِ زمین وائلڈ لائف سروے کے دوران کی تھی۔ ان مہم جوؤں نے اس غار کو ’مکڑیوں کی میگا سٹی‘ قرار دیا اور محققین کو مزید تحقیق کے لیے مطلع کیا۔

رپورٹس کے مطابق، غار کا داخلی حصہ یونان میں واقع ہے، جب کہ اس کی گہرائی میں موجود حصے البانیہ کی حدود میں آتے ہیں۔ ماہرین اس جالے کے ڈھانچے اور مکڑیوں کے باہمی تعلقات پر مزید تحقیق کر رہے ہیں تاکہ یہ سمجھا جا سکے کہ یہ نایاب اشتراکی نظام کس طرح وجود میں آیا۔

مزید خبریں

Back to top button