اپنی حقیقی ویڈیو بنائیں۔۔۔!
اے آئی ویڈیو سوشل ایپ اینڈرائیڈفونز کیلئے بھی متعارف

لاہور(سپیشل رپورٹ)اوپن اے آئی کی نئی سورا اے آئی ویڈیو سوشل ایپ اب اینڈرائیڈ فونز کے لیے بھی متعارف کرا دی گئی ہے۔اس ایپ کو کچھ ہفتوں پہلے آئی او ایس (ایپل ڈیوائسز) کے لیے متعارف کرایا گیا تھا اور اولین 5 دنوں میں ہی اسے 10 لاکھ سے زائد بار ڈاؤن لوڈ کیا گیا۔درحقیقت چیٹ جی پی ٹی کی موبائل ایپ کے مقابلے میں سورا کو زیادہ مقبولیت حاصل ہوئی تھی اور ایسا ہی جلد گوگل پلے اسٹور میں بھی دیکھنے میں آئے گا۔یہ آڈیو اور ویڈیو جنریشن ماڈل زیادہ حقیقی اور مستند نظر آنے والی ویڈیوز تیار کرسکتا ہے۔دنیا بھر میں 70 فیصد صارفین اینڈرائیڈ فونز استعمال کرتے ہیں اور سورا ایپ میں ٹک ٹاک کے انداز کی فیڈ موجود ہے۔اس فیڈ میں آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ویڈیوز موجود ہوتی ہیں جو دیگر صارفین تیار کرتے ہیں جبکہ ایک کیمو نامی ٹول ہے جس میں صارفین خود اپنی ویڈیوز کے اسٹار بن سکتے ہیں۔ابتدائی طور پر سورا ایپ امریکا، کینیڈا، جاپان، جنوبی کوریا، تائیوان، تھائی لینڈ اور ویتنام میں اینڈرائیڈ صارفین کو دستیاب ہوگی۔کمپنی کے مطابق دیگر خطوں میں اس کی دستیابی کے لیے ابھی کام کیا جا رہا ہے۔سورا ایپ میں صارف اپنی مرضی کی ہدایات دے کر اے آئی ویڈیوز تیار کروا سکتا ہے اور پھر شیئر فیڈ میں پوسٹ کرسکتا ہے۔آغاز میں سورا ایپ انوائیٹ اونلی تھی مگر اب محدود وقت کے لیے یہ ہر ایک کو دستیاب ہوگی۔



