بجٹ سے قبل ہی سولر پینلزکی قیمتوں میں بڑا اضافہ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے)نئے مالی سال کے بجٹ سے قبل ہی ملک میں سولر پینلز کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس نے صارفین کو شدید پریشانی میں مبتلا کر دیا ہے۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق فی سولر پلیٹ کی قیمت میں 7 سے 9 ہزار روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ اس اضافے کے بعد 585 واٹ کی سولر پلیٹ جو پہلے 18 ہزار روپے میں دستیاب تھی، اب بڑھ کر 27 ہزار روپے تک پہنچ گئی ہے۔
اسی طرح 645 واٹ کی پلیٹ کی قیمت 22 ہزار روپے سے بڑھ کر 31 ہزار 200 روپے جبکہ 720 واٹ کی پلیٹ 25 ہزار روپے سے بڑھ کر 33 ہزار 500 روپے تک جا پہنچی ہے۔
دوسری جانب انورٹرز کی قیمتوں میں بھی مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے سولر سسٹم لگانے کے خواہشمند صارفین کی مشکلات میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
واضح رہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سولر پینلز پر جی ایس ٹی کی شرح 10 فیصد سے بڑھا کر 18 فیصد کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، تاہم اس سے قبل ہی مارکیٹ میں قیمتیں بڑھا دی گئی ہیں۔



