عمرکوٹ: سولنگی برادری کے گھروں پر پولیس چڑھائی کیخلاف سول سوسائٹی اور سیاسی جماعتوں کا احتجاج

میرپورخاص (شاھدمیمن) عمرکوٹ میں سولنگی برادری کے گھروں پر پولیس چڑھائی، بچیوں کی تذلیل، قدیمی رہائشوں پر قبضے اور بے گناہ گرفتاریوں کے خلاف سول سوسائٹی اور آل پارٹیز ایکشن کمیٹی کی جانب سے پریس کلب کے سامنے بینر اور پلے کارڈ اٹھا کر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا مظاہرے میں سول سوسائٹی کے نمائندگان، وکلاء اور مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں کے رہنماؤں نے بڑی تعداد میں شرکت کی شرکاء میں ایس یو پی، جسقم (شہید بشیر خان)، عوامی تحریک، ایس ٹی پی، عوامی ورکرز پارٹی عوامی کونسل اور دیگر شامل تھے اس موقع پر رہنماؤں لالا اظہر پٹھان، واجد لغاری، ڈاکٹر دلدار لغاری، شیر محمد گلزار مگسی، ممتاز جروار ایڈوکیٹ، اصغر راجپوت، اسلم پنہور، جنید لغاری اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمرکوٹ میں کالج روڈ پر برسوں سے قائم سولنگی برادری کے قدیمی گھروں پر بااثر افراد کے کہنے پر پولیس نے چڑھائی کی اس دوران بچیوں کی تذلیل کی گئی اور رہائشی گھروں پر قبضے کی کوشش کی گئی جس کی سخت مذمت کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ پولیس نے سرعام غریب لوگوں کے آشیانے مسمار کئے خواتین کو گھسیٹ کر موبائلوں میں ڈال کر تذلیل کی گئی جو کھلا ظلم اور زیادتی ہے مقررین نے مطالبہ کیا کہ قدیمی دیہاتیوں کے گھروں پر حملے، بے جا گرفتاریوں اور جھوٹے مقدمات کی شفاف تحقیقات کی جائیں سندھ کے عوام ایسے ظلم و بربریت کو کسی صورت قبول نہیں کرے گے۔



