عمرکوٹ:عدالتی حکم پر پولیس کا آپریشن، سولنگی برادری کے گھر مسمار،خواتین پر تشدد،15افرادپر مقدمہ درج،مظاہرین کا سڑک بلاک کرکے احتجاج

عمرکوٹ (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) عمرکوٹ میں پولیس کی بھاری نفری نے کارروائی کرتے ہوئے صدیوں سے آباد سولنگی برادری کے گھروں پر چڑھائی کر دی۔ عدالتی حکم کا جواز پیش کرتے ہوئے کیے گئے اس آپریشن کے دوران گھروں کو مسمار کیا گیا جبکہ خواتین اور بچوں پر مبینہ تشدد کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس اہلکاروں نے چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرتے ہوئے خواتین کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق کارروائی کے دوران خواتین اور بچوں پر تشدد کیا گیا جس کے نتیجے میں کئی افراد زخمی ہو گئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا،
مقامی افراد کا کہنا ہے کہ کارروائی سے قبل سولنگی برادری کے مردوں کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا، جس کے بعد گھروں میں موجود خواتین کو نشانہ بنایا گیا۔
واقعے کے بعد شہر میں شدید اشتعال پھیل گیا اور سینکڑوں افراد سلطان چوک پر جمع ہو گئے۔ مظاہرین نے گورنمنٹ ڈگری کالج روڈ کو بلاک کر کے ٹائر نذر آتش کیے اور شدید نعرے بازی کی۔
دوسری جانب پولیس نے پہلے سے گرفتار سولنگی برادری کے 15 افراد کے خلاف حملے کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔
واقعے کے بعد شہر میں خوف و ہراس کی فضا برقرار ہے۔ سابق رکن قومی اسمبلی لال مالہی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے شٹر بند ہڑتال کی اپیل کی ہے۔
ادھر صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاھ کا کہنا ہے کہ انہیں عمرکوٹ واقعے سے متعلق تاحال کوئی معلومات نہیں ہیں۔



