آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر نوجوانوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی عائد

سڈنی(جانوڈاٹ پی کے)آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر نوجوانوں کے سوشل میڈیا استعمال پر عائد پابندی کے بعد سوشل میڈیا کمپنیوں نے نوجوانوں کے  47 لاکھ  اکاؤنٹس بند کر دیے۔

آسٹریلوی حکام کے مطابق یہ پابندی 10 دسمبر کو نافذ کی گئی تھی، جس کے بعد سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو کم عمر صارفین کے اکاؤنٹس بند کرنے کی ہدایات دی گئیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ پابندی پر عمل نہ کرنے والی سوشل میڈیا کمپنیوں پر 33 لاکھ ڈالر تک جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا بچوں کے سوشل میڈیا استعمال پر پابندی لگانے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

آسٹریلیا کی حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں 16 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا کے استعمال سے روکنے کے لیے قانون سازی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نےکہا تھا کہ سوشل میڈیا ہمارے بچوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف تحقیقی رپورٹس کا حوالہ دیا جن میں کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت گزارنے سے بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کو مختلف خطرات کا سامنا ہوتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button