وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آراءوٹو کی ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام تقریب میں شرکت

دیپالپور(محمد اسلم بھٹی/جانوڈاٹ پی کے)وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آراء منظور وٹو نے انٹرنیشنل ویمن ڈے کے حوالے سے ویمن ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے زیرِ اہتمام منعقدہ تقریب میں بطور گیسٹ آف آنر شرکت کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وزیرِ خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمٰن تھے۔تقریب میں خواتین کے حقوق، بااختیار بنانے اور معاشرتی و معاشی میدان میں ان کے مؤثر کردار کو اجاگر کیا گیا۔ انٹرنیشنل ویمن ڈے کا مقصد خواتین کی سماجی، معاشی اور سیاسی کامیابیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنا اور صنفی مساوات کے فروغ کے عزم کی تجدید کرنا ہے۔ اس موقع پر پنجاب جینڈر پیریٹی رپورٹ کے اجراء کو بھی ایک اہم سنگِ میل قرار دیا گیا، جو صوبے میں صنفی برابری اور شمولیتی ترقی کے فروغ کی جانب عملی پیش رفت کی عکاسی کرتا ہے۔
تقریب میں وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی جہاں آراء منظور وٹو کی سماجی تحفظ اور خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں یادگاری شیلڈ پیش کی گئی۔ اس موقع پر ان کی خدمات اور مؤثر قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا کہ وائس چیئرپرسن نے معاشرے کے کمزور اور محروم طبقات بالخصوص خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دی ہیں اور مؤثر قیادت میں پی ایس پی اے کے پروگرامز نہ صرف مستحق افراد تک بہتر انداز میں پہنچ رہے ہیں بلکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے بھی عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



