اسنوکر ٹیم ورلڈ کپ: پاکستان نے بھارت کو شکست دیکر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا

عمان (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان کی اسنوکر ٹیم نے ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں بھارت کو 3-1 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
پاکستانی ٹیم میں محمد آصف اور اسجد اقبال شامل تھے جنہوں نے بھارت کی ٹیم کو ہرایا۔ سیمی فائنل کے پہلے سنگل میں بھارت کے پنکج ایڈوانی نے اسجد اقبال کو شکست دے کر برتری حاصل کی، لیکن دوسرے سنگل میں محمد آصف نے برجیش دامانی کو ہرا کر مقابلہ برابر کر دیا۔
محمد آصف اور اسجد اقبال کی جوڑی نے ڈبل میں بھی بھارت کی ٹیم کو شکست دی، اور ریورس سنگل میں محمد آصف نے پنکج ایڈوانی کو ہرا کر پاکستان کو فائنل میں پہنچا دیا۔ محمد آصف کی کارکردگی سیمی فائنل میں فیصلہ کن ثابت ہوئی۔
پاکستانی شائقین نے ٹیم کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور فائنل میں بہترین کھیل کی توقع کی جا رہی ہے۔



