محکمہ کھیل کے زیرِ اہتمام ٹھٹھہ میں بیلوں اور کتوں کی دوڑ کا شاندار مقابلہ منعقد

ٹھٹھہ ( جاويد لطيف ميمن نمائندہ جانوڈاٹ پی کے )محکمہ کھیل سندھ کے زیرِ اہتمام ٹھٹھہ میں روایتی اور ثقافتی کھیل ’’کوہستان بیلوں اور کتوں کی دوڑ‘‘ کا شاندار مقابلہ شاہ مراد شیرازی گراؤنڈ میں منعقد کیا گیا، جس میں ضلع ٹھٹھہ، سجاول اور بدین سے سجائے گئے اور تیار کردہ بیلوں نے شرکت کی ۔ مقابلے کے دوران دلیل چانگ، حاجی خیرو کہیو، پپو گجر، اشفاق مینڈھرو، گھنور گابار، دھنی بخش لاشاری، موسیٰ شیدی اور حبیب پٹیل کے بیلوں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے ہوئے، جہاں بیل گاڑیوں میں جتے ہوئے بیل ایک دوسرے سے آگے نکلنے کے لیے بھرپور دوڑ لگاتے رہے ۔ مقابلہ دیکھنے کے لیے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی جس کے باعث گراؤنڈ میں میلے جیسا دلکش ماحول پیدا ہوگیا۔ تقریب میں صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی، محکمہ کھیل کے صوبائی سیکریٹری منور حسین مہیسر، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر اظہر علی بروہی سمیت ضلع کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے دیگر معزز مہمانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ریاض حسین شاہ شیرازی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے روایتی کھیل ہماری ثقافت اور شناخت کا اہم حصہ ہیں۔ بیلوں کی دوڑ جیسے کھیل نہ صرف صحت مند تفریح فراہم کرتے ہیں بلکہ نوجوانوں کو منشیات اور غیر صحت مند مشاغل سے دور رکھنے میں بھی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کھیلوں کے فروغ کے لیے ہر سطح پر تعاون کرے گی اور ایسے ثقافتی مقابلے باقاعدگی سے منعقد کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔ محکمہ کھیل کے صوبائی سیکریٹری منور حسین مہیسر نے کہا کہ روایتی کھیلوں کے فروغ سے سیاحت کو بھی فروغ ملتا ہے اور مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کھیل کی کوشش ہے کہ سندھ کے ہر ضلع میں مقامی کھیلوں کے مقابلے منعقد کرکے نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جائے۔ آخر میں مہمانوں نے کامیاب بیلوں کے مالکان میں انعامات اور شیلڈز تقسیم کیں، جبکہ شرکاء نے ایسی شاندار تقریب کے انعقاد پر محکمہ کھیل کو سراہا اور مطالبہ کیا کہ مستقبل میں بھی ایسے مقابلے باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں۔



