سکھر:ڈائریکٹر سندھ اسمال انڈسٹریز طلال دھامرا کا صنعتی علاقوں کا دورہ، ترقیاتی و ڈرینیج کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)صنعتی علاقوں میں نکاسیٔ آب اور صفائی کے مسائل کے حل کے لیے سندھ اسمال انڈسٹریز سکھر کے ڈائریکٹر طلال دھامرا نے مختلف صنعتی علاقوں کے دورے کیے اور جاری ترقیاتی و نکاسیٔ آب کے کاموں کا تفصیلی جائزہ لیا۔خبر کے مطابق ڈائریکٹر طلال دھامرا نے اپنے عہدے کا چارج سنبھالنے کے بعد سکھر کے گولیمار صنعتی علاقوں کا دورہ کیا، جہاں صفائی اور ڈرینیج کے دیرینہ مسائل کے حل کے لیے جاری اقدامات کا معائنہ کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے متعلقہ عملے کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک صنعتی ملک ہے اور سکھر سمیت تمام صنعتی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ کی جانب سے صنعتی علاقوں کے مسائل کے فوری اور مؤثر حل کے لیے واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں، جن پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سکھر اسمال انڈسٹریز کے تحت صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جا رہا ہے تاکہ صنعتکاروں اور صنعتی یونٹس کو درپیش مشکلات کا ازالہ ممکن ہو سکے۔ڈائریکٹر طلال دھامرا نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صنعتی علاقوں میں نکاسیٔ آب، صفائی اور دیگر بنیادی سہولیات کی بہتری سے نہ صرف کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ صنعتکاروں کو ایک بہتر اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری کاموں کی رفتار تیز کی جائے اور معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔

مزید خبریں

Back to top button