بدین: پیپلزپارٹی نے 17 سال میں سندھ کا وقار مجروح کیا، ووٹ کو آزاد کرانا ہوگا: قادر مگسی

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)پیپلز پارٹی کے حکمرانوں نے 17 سالہ حکومت کے دوران قوم کی حیا، غیرت، عزت اور وقار کو ختم کر دیا ہے۔ سندھ کی قوم کا وقار بحال کرنے کے لیے پڑھے لکھے لوگوں کو آگے آنا ہوگا۔ یہ اظہار سندھ ترقی پسند پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر قادر مگسی نے بدین میں ایس ٹی پی ضلع صدر شاہنواز سیال سے عذر خواہی کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا نہوں نے کہا کہ ملک میں ووٹ کے تقدس کو پامال کیا گیا ہے، ووٹ کو آزاد کرانا ہوگا۔ سندھی عوام ووٹ کی آزادی اور اس کے درست استعمال کے ذریعے اپنی حالت بدل سکتے ہیں۔ جن لوگوں کو ہم ووٹ دیتے ہیں وہ اسمبلیوں میں جا کر عوام کی حالت بہتر بنانے کے بجائے اربوں روپے کی کرپشن کرتے ہیں۔ انہیں معلوم ہے کہ کفن میں جیب نہیں ہوتی، اس کے باوجود وہ غریب عوام کے علاج، ادویات، تعلیم، صاف پانی، سڑکوں، راستوں اور بنیادی حقوق کے پیسے ہڑپ کر جاتے ہیں۔ انہیں سندھ کے مسکین اور محروم عوام پر ذرا سا بھی رحم نہیں آتا انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں اے ایس آئی کی نوکری کے لیے بھی 60 لاکھ روپے لیے جا رہے ہیں، پڑھے لکھے لوگوں کی ایسی توہین پہلے کبھی نہیں ہوئی۔ حتیٰ کہ پٹيوالی (چپراسی) کی نوکری بھی لاکھوں روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔ سندھ میں صنعتی ادارے قائم نہیں کیے جا رہے تاکہ غریب عوام کو روزگار مل سکے۔ جو شوگر ملیں اور کارخانے موجود تھے انہیں بھی بند کیا جا رہا ہے، جس کے باعث شوگر ملوں کے ہزاروں مزدور سڑکوں پر آ گئے ہیں۔
ڈاکٹر قادر مگسی نے کہا کہ ریاست ہر طریقے سے سندھ کے عوام کو تباہ کر کے انہیں بنیادی حقوق سے محروم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے اصل مالک سندھی، پنجابی، پٹھان اور بلوچ ہیں، جو فرسودہ نظام، زرعی جاگیرداروں، وڈیروں، بھوتاروں اور کرپٹ عناصر کی حکمرانی اور استحصال کا شکار ہیں۔ سندھ کے عوام، خصوصاً پڑھے لکھے لوگوں کو بریانی کی پلیٹ اور وڈیروں کے خوف و لالچ سے نکل کر قوم کی قیادت کرنی چاہیے، ووٹ کے درست استعمال، ووٹ کے تقدس کی بحالی اور کھویا ہوا وقار واپس حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ٹی پی کا پلیٹ فارم ان تمام لوگوں کے لیے حاضر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جو لوگ افغانستان کی جنگ کو اسلام کی جنگ قرار دے رہے تھے، امریکہ نے خود افغانستان کی جنگ کو اسلام کی جنگ کے بجائے روس کے خلاف امریکی مفادات کی جنگ قرار دے کر ان کی حقیقت بے نقاب کر دی ہے اس موقع پر ایس ٹی پی کے رہنما ڈاکٹر سومار مگریو، علی حیدر پنہور، ریاض مصطفیٰ آرائیں، گل محمد شاہ، اسلم مہندو، سلطان بوہڑ، عبداللہ اعوان، دلبر لُنڈ اور یاسر سیال بھی موجود تھے۔



