بدین میں سندھ پولیس کے 117 نئے کانسٹیبلوں میں جوائننگ آرڈرز تقسیم
میرٹ پر بھرتی ہونے والے نوجوان پولیس فورس میں تازہ جوش اور توانائی لاتے ہیں،ایس ایس پی بدین

بدین ( رپورٹ مرتضٰی میمن/جانو ڈاٹ کام)ایس ایس پی بدین قمر رضا جیسکانی کی زیرِ صدارت ایس ایس پی آفس بدین میں شہید محترمہ بینظیر بھٹو کانفرنس ہال میں ایک شاندار تقریب منعقد کی گئی، جس میں ایس ٹی ایس کے ذریعے سندھ پولیس میں کانسٹیبل کی حیثیت سے کامیاب ہونے والے 117 امیدواروں میں جوائننگ آرڈر تقسیم کیے گئے بدین ضلع سے 101 مرد اور 16 خواتین امیدوار، جو ایس ٹی ایس کے تحت منعقدہ امتحانات اور انٹرویوز میں میرٹ کی بنیاد پر پاس ہوئے تھے، تقریب میں مدعو تھے، جہاں انہیں سندھ پولیس میں کانسٹیبل کی خدمات سرانجام دینے کے لیئے جوائننگ آرڈر دیے گئے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی بدین قمر رضا جیسکانی نے تمام کامیاب امیدواروں کو مبارکباد دی اور کہا کہ آپ سب کی یہ شاندار کامیابی نہ صرف آپ کے خاندانوں بلکہ پورے بدین ضلع کے لیے فخر کا باعث ہے۔ پولیس فورس میں شامل ہونا ایک معزز اور ذمہ دارانہ قدم ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ آپ ایمانداری، نظم و ضبط اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ساتھ عوام کی خدمت کو اپنا فرض سمجھیں گے۔
میرٹ پر بھرتی ہونے والے نوجوان پولیس فورس میں تازہ جوش اور توانائی لاتے ہیں،ایس ایس پی بدین
ایس ایس پی نے کہا کہ میرٹ پر بھرتی ہونے والے نوجوان پولیس فورس میں تازہ جوش اور توانائی لاتے ہیں، جو قانون کی حکمرانی برقرار رکھنے، انصاف فراہم کرنے اور پولیس کے وقار کو بلند کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں
تقریب میں ڈی ایس پی بدین پیر شبیر حیدر اور شیٹ کلرک محمد زمان میمن بھی شریک ہوئے، جنہوں نے نئے شامل ہونے والے کانسٹیبلوں کو محکمے کے قواعد، ڈیوٹی کے آداب اور عوامی خدمت کے اصولوں کے بارے میں رہنمائی فراہم کی۔



