بدین: کڈھن میں محتسبِ اعلیٰ سندھ کی کھلی کچہری، منشیات، تعلیم اور پانی کے بحران پر سخت نوٹس

بدین (رپورٹ: مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)ریجنل ڈائریکٹر صوبائی محتسبِ اعلیٰ سندھ بدین عبدالوهاب میمن کی جانب سے ٹاؤن کمیٹی کڈھن شہر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا، جس میں شہریوں نے مختلف محکموں سے متعلق مسائل اور شکایات پیش کیں۔

کھلی کچہری سے قبل ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ نے گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کڈھن اور رورل ہیلتھ سینٹر (RHC) کڈھن کا تفصیلی دورہ بھی کیا۔

ٹاؤن کمیٹی کڈھن میں منعقدہ کھلی کچہری کے دوران شہریوں کی جانب سے تعلیم، واٹر سپلائی اسکیم، ڈرینیج، ایجوکیشن ورکس، این آر ایس پی، ہائی وے، ٹاؤن کمیٹی، اسپورٹس، آبپاشی اور پبلک ہیلتھ سمیت مختلف محکموں سے متعلق درخواستیں جمع کرائی گئیں۔

اس موقع پر ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ بدین عبدالوهاب میمن نے شہریوں کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ ہر جائز مسئلہ حل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کڈھن شہر کے دورے کے دوران سب سے زیادہ شکایات منشیات کے حوالے سے سامنے آئیں، دوسرے نمبر پر تعلیمی اداروں کی زبوں حالی اور تیسرے نمبر پر تجاوزات کے مسائل ہیں۔

کھلی کچہری میں صدر کڈھن پریس کلب ظفر حسین خواجہ نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے کھیلوں کے میدان موجود نہیں، جس کے باعث نوجوان نسل منشیات کی طرف مائل ہو رہی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کڈھن میں منشیات، چرس اور سفینہ سرعام فروخت ہو رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 1866 میں قائم ہونے والا مین پرائمری اسکول اس وقت انتہائی خستہ حال ہے اور کوئی دادرسی کرنے کو تیار نہیں۔

دیگر شہریوں نے تجاوزات، فائر بریگیڈ گاڑی نہ ہونے اور واٹر سپلائی کے شدید بحران کی شکایات بھی کیں۔ ایک شہری کے مطابق 1983 میں تعمیر کیے گئے پانی کے دو تالاب اُس وقت 1200 آبادی کے لیے کافی تھے، تاہم اب آبادی 35 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، مگر آج بھی وہی دو تالاب صرف 20 فیصد آبادی کو پانی فراہم کر رہے ہیں جبکہ 80 فیصد شہری صاف پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں۔

ریجنل ڈائریکٹر محتسبِ اعلیٰ عبدالوهاب میمن نے اعلان کیا کہ کڈھن کے نوجوانوں کے لیے اسپورٹس گراؤنڈ کی منظوری کے لیے سیکریٹری اسپورٹس کو خط لکھا جائے گا اور ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر بدین سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے ٹاؤن چیئرمین کو ہدایت کی کہ نئی واٹر سپلائی اسکیم جلد مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو صاف پینے کا پانی میسر آ سکے۔

انہوں نے ایس ایس او کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ منشیات پر قابو پانا پولیس کی ذمہ داری ہے، جبکہ تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے ٹاؤن چیئرمین اور ایس ایچ او کو فوری آپریشن شروع کرنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی۔

ریجنل ڈائریکٹر نے مزید بتایا کہ عوام کی سہولت کے لیے محتسبِ اعلیٰ سندھ نے آن لائن شکایات کا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت موبائل ایپ کے ذریعے بغیر کسی وکیل، فیس یا سفارش کے کسی بھی صوبائی محکمے کے خلاف شکایت درج کرائی جا سکتی ہے۔

اس سے قبل گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول کڈھن کے دورے کے دوران انہوں نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے تعلیم کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ اگر ایک مرد تعلیم یافتہ ہو تو ایک فرد تعلیم یافتہ ہوتا ہے، لیکن اگر ایک عورت تعلیم یافتہ ہو تو پورا خاندان تعلیم یافتہ ہوتا ہے۔ ہیڈ ماسٹر نجم الدین جمالی نے اسکول کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اسکول اور اس سے منسلک دیگر کیمپسز میں مجموعی طور پر 2200 سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں۔

بعد ازاں ریجنل ڈائریکٹر نے آر ایچ سی کڈھن کا دورہ کیا، جہاں انچارج ڈاکٹر نسیما لاشاری نے بتایا کہ مریضوں کو مفت ادویات اور دیگر طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، اسپتال میں ایک ایمبولینس بھی موجود ہے، تاہم ایکس رے مشین ٹیکنیشن کی کمی کے باعث غیر فعال ہے، جس کے لیے اعلیٰ حکام کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

اس موقع پر اے ڈی ایچ او ڈاکٹر رسول بخش میمن، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر سرفراز سموں، چیئرمین ٹاؤن کمیٹی کڈھن صدام حسین جمالی، وائس چیئرمین ڈاڈا خان محمد جمالی، ایس ایچ او کڈھن غلام قادر، ایگزیکٹو انجینئر ایجوکیشن ورکس اسد میندھرو، تعلقہ ایجوکیشن آفیسر عبدالفتاح جونیجو سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button