سندھ حکومت کی بلدیاتی ایکٹ میں نئی ترامیم کی تیاری، میئر کو برقرار رکھنے کی تجویز

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت نے ایک بار پھر سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترامیم کی تیاری شروع کر دی، جس کیلئے قائم خصوصی کمیٹی سرگرم عمل ہے اور رواں ماہ سفارشات مکمل کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق مجوزہ ترامیم کے تحت تجویز دی گئی ہے کہ جب تک آئندہ بلدیاتی انتخابات نہیں ہو جاتے، میئر اپنے عہدے پر برقرار رہیں اور میئر آفس ہولڈ کریں۔
موجودہ قانون کے تحت چار سالہ مدت مکمل ہونے پر میئر کو عہدہ چھوڑنا ہوتا ہے تاہم نئی ترمیم کے ذریعے انہیں اگلے بلدیاتی الیکشن تک برقرار رکھنے کی سفارش زیر غور ہے۔
اسی طرح بلدیاتی ٹاؤنز کی چار سالہ مدت مکمل ہونے پر نمائندوں کو تحلیل کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے، کراچی میں ملٹی لیئرڈ گورننس نظام میں تبدیلی کی سفارش کی جا رہی ہے جبکہ ڈپٹی میئر اور وائس چیئرمینز کے اختیارات اور ذمہ داریوں میں اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی ٹاؤنز کو براہ راست فنڈنگ اور انتظامی اختیارات پر نظرثانی کا امکان ہے، موجودہ بلدیاتی اداروں کے ڈھانچے میں تبدیلی اور اختیارات کے نئے تعین سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔
خصوصی کمیٹی بلدیاتی قانون میں ترامیم کیلئے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت بھی کر رہی ہے اور حتمی سفارشات جلد مرتب کیے جانے کی توقع ہے۔



