محکمہ آبپاشی میں اربوں روپے کی مبینہ کرپشن، سیکریٹری ظریف اقبال کھیڑو نیب کے ریڈار پر

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے محکمہ آبپاشی کے سیکریٹری ظریف اقبال کھیڑو قومی احتساب بیورو (نیب) کے ریڈار پر آ گئے ہیں۔ نیب نے محکمہ آبپاشی میں مبینہ طور پر اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات پر باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق نیب سکھر نے سیکریٹری آبپاشی ظریف اقبال کھیڑو کو پیر کے روز ریکارڈ سمیت طلب کر لیا ہے۔ نیب کی جانب سے جاری انکوائری میں محکمہ آبپاشی کے ترقیاتی منصوبوں، مالی معاملات اور ادائیگیوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔

نیب حکام کے مطابق ظریف اقبال کھیڑو سے ورک آرڈرز، پی سی ون، ٹینڈر فائلیں، ادائیگیوں کا مکمل ریکارڈ اور گزشتہ پانچ برسوں کے دوران جاری کیے گئے اربوں روپے کے بلوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سیکریٹری آبپاشی کے خلاف اختیارات کے ناجائز استعمال اور آمدن سے زائد اثاثے بنانے کے الزامات پر بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں، جبکہ نیب انکوائری کے دوران تمام متعلقہ ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے بعد مزید کارروائی کا فیصلہ کرے گا۔

مزید خبریں

Back to top button