سندھی ثقافت ہماری پہچان، روایت اور پاکستان کی مضبوطی کی علامت ہے: ناصر حسین شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ آج پوری دنیا میں سندھی کلچر ڈے جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے اور اس موقع پر سندھ بھر سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں ثقافتی تقریبات، ریلیاں اور پروگرامز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھی قوم ہمیشہ سر اٹھا کر جینے میں فخر محسوس کرتی ہے، اسی لیے سندھی ٹوپی کو اپنی شناخت اور پہچان سمجھتی ہے، جبکہ اجرک کو اپنی شان مانتی ہے، جو نہ صرف خود اوڑھی جاتی ہے بلکہ دوسروں کو بھی احترام اور محبت کے اظہار کے طور پر پہنائی جاتی ہے، چاہے وہ ہمارے بھائی ہوں یا بہنیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھی قوم دوستی، رواداری، مہمان نوازی، خلوص، وفاداری اور قومی ذمہ داری جیسی اعلیٰ اقدار سے مزین ایک خوبصورت اور باشعور قوم ہے، جس کی تاریخ اپنے دوستوں، مہمانوں اور مشکل وقت میں ساتھ دینے والوں کو ہمیشہ عزت اور احترام دینے سے بھری پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی روایات میں اپنے مہمانوں کے احترام کا یہ عالم ہے کہ آج بھی اوطاقوں کے دروازے ہمیشہ کھلے رکھے جاتے ہیں، اور یہ روایت صدیوں سے چلی آ رہی ہے۔

ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ہماری روایات ہی ہمارا اصل فخر ہیں، جن میں سادگی ضرور ہے مگر اندر سے یہ قدریں بہت مضبوط اور ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے جڑی ہوئی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ پاکستان کا مضبوط ستون ہے، جو ہمیشہ پاکستان دشمن قوتوں کے سامنے سینہ سپر رہا ہے، چاہے وہ جنگ کا میدان ہو یا پارلیمان کے ایوان، سندھی قوم ہر محاذ پر ملک کے دفاع کے لیے یکجہتی کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی کھڑی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس کلچر ڈے کے موقع پر ہم دوستوں اور تنقید کرنے والوں سب کو یہ پیغام دیتے ہیں کہ ہمارے ساتھ آگے بڑھیں، ہم اپنے لیے نہیں بلکہ آپ کے لیے بھی زیادہ سوچیں گے، کیونکہ دوسروں کا خیال رکھنا ہی ہماری اصل پہچان ہے۔ انہوں نے آخر میں کہا: پاکستان پائندہ باد، سندھ زندہ باد۔

مزید خبریں

Back to top button