کراچی میں امن و امان کے خدشات، 3 ایم پی او کے تحت 180 افراد نظر بند، ملیر جیل منتقل کرنے کے احکامات

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)محکمہ داخلہ سندھ نے کراچی میں امن و امان کی ممکنہ خرابی کے خدشات کے پیش نظر 180 افراد کو تین ایم پی او (3 MPO) کے تحت نظر بند کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں، جس کا باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایم پی او آرڈر کے تحت نظر بند کیے جانے والے 180 افراد کے نام فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔ ان افراد میں ضلع وسطی سے 24، ضلع جنوبی سے 21، ضلع شرقی سے 51، ضلع کیماڑی سے 23، ضلع کورنگی سے 22، ضلع ملیر سے 9 اور ضلع غربی سے 30 افراد شامل ہیں۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ فہرست میں شامل افراد کے بارے میں خدشہ ہے کہ وہ راستے بند کرنے، دھرنے دینے اور امن و امان کی صورت حال خراب کرنے کا باعث بن سکتے ہیں، جس سے عوام کی جان و مال کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
محکمہ داخلہ سندھ کے مطابق امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے فہرست میں شامل تمام افراد کو 30 دن کے لیے نظر بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ احکامات کے تحت متعلقہ افراد کو گرفتار کرکے ملیر جیل منتقل کرنے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف سندھ کے ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس کی جانب سے پی ٹی آئی کے کارکنوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فہرست میں شامل زیادہ تر افراد کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے ہے اور انہیں حراست میں لیا جا چکا ہے۔
تاہم محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں پاکستان تحریک انصاف یا کسی بھی سیاسی جماعت کا نام شامل نہیں کیا گیا۔



