ذاتی مرضی اور منشا پر فیصلے کرنا مناسب نہیں،قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ

بدین (رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانوڈاٹ پی کے)قائم مقام چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس ظفر احمد راجپوت ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی دعوت پر بدین پہنچے۔
اس موقع پر ریٹائرڈ جسٹس عبدالرسول میمن ریٹائرڈ جسٹس غلام ربانی رجسٹرار سندھ ہائی کورٹ آصف مجید، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عنایت اللہ بھٹو، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ٹنڈو محمد خان انعام علی کلھوڑو، ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی، ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن لالا دلدار پٹھان، جنرل سیکریٹری امیر آزاد پنہور، نائب صدر معشوق بھرگڑی، ڈسٹرکٹ اٹارنی سید اجمل کاظمی سمیت دیگر ججز اور وکلا بڑی تعداد میں موجود تھے۔
قائم مقام چیف جسٹس جسٹس ظفر احمد راجپوت نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسٹس کسی پالیسی کا نام نہیں بلکہ انصاف ہر مظلوم شخص کا بنیادی حق ہے۔ ہماری پالیسیاں نہیں بلکہ قانون چلتا ہے، اور اگر قانون میں ریلیف موجود ہے تو ہر صورت سائل کو ریلیف دینا لازم ہے۔انہوں نے کہا کہ ذاتی مرضی اور منشا پر فیصلے کرنا مناسب نہیں۔ اگر فیصلے قانون کے مطابق نہ ہوں تو اس سے ججز کی دیانتداری پر سوال اٹھ سکتے ہیں۔ فیصلوں میں کسی اور سوچ کی جھلک نظر آئے تو تنقید جج پر نہیں بلکہ ادارے پر آئے گی، اور لوگ مایوس ہوں گے۔ ہمیں لوگوں کو مایوس نہیں ہونے دینا بلکہ مکمل طور پر قانون کے مطابق انصاف فراہم کرنا ہے انہوں نے مزید کہا کہ کسی شخص کو اس کے حق سے محروم کرنا ظلم ہے اور ایسا کرنے والا ظالم ہے۔ اگر فیصلوں میں مظلوم کا ساتھ نہ دیا جائے تو یہ ظالم کا ساتھ سمجھا جائے گا۔ معاشرے کفر پر تو قائم رہ سکتے ہیں لیکن ظلم پر نہیں۔ اس لئے فیصلے قانون کے مطابق ہونے چاہئیں، ذاتی پسند و ناپسند کے مطابق نہیں۔ ریاست کی جانب سے انصاف فراہم کرنا عدلیہ کی ذمہ داری ہے۔
قائم مقام چیف جسٹس نے بتایا کہ نئے ججز کی بھرتی کا عمل جاری ہے اور یہ بھرتیاں سو فیصد میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ بدین کے لیے سولر سسٹم کا ٹینڈر مکمل ہو چکا ہے اور جلد انسٹالیشن عمل میں لائی جائے گی۔ بدین، ماتلی، شہید فاضل راہو اور ٹنڈو باگو کی عدالتوں میں ای لائبریریوں کا قیام بھی کیا جائے گا، جبکہ بدین بار ایسوسی ایشن کے لیے ایئرکنڈیشن اور کینٹین بھی تعمیر کی جائے گی تقریب کے بعد قائم مقام چیف جسٹس جسٹس ظفر احمد راجپوت ماتلی پہنچے جہاں انہوں نے سول کورٹ ماتلی کا افتتاح بھی کیا۔



