سندھ ہائیکورٹ کا تھرپارکر میں سفارش کردہ امیدواروں کو60دن کے اندر آفر لیٹر جاری کرنے کا حکم

تھرپارکر(رپورٹ:میندھرو کاجھروی /جانوڈاٹ پی کے)سندھ ہائیکورٹ کی سرکٹ کورٹ میرپورخاص نے ضلع تھرپارکر میں بی ایس-01 سے بی ایس-04 تک کی نان ٹیکنیکل ملازمتوں کے حوالے سے اہم فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ جسٹس ارباب علی ہکڑو اور جسٹس محمد حسن اکبر پر مشتمل بینچ نے مشترکہ درخواستوں کی سماعت کے بعد حکم سنایا۔

عدالت میں درخواست گزار امیدواروں کا مؤقف تھا کہ 7 اگست 2023 کو ڈسٹرکٹ سلیکشن کمیٹی (DSC) کے اجلاس میں انہیں ملازمتوں کے لیے سفارش کیا گیا تھا، مگر اس کے باوجود اب تک آفر لیٹر جاری نہیں کیے گئے۔

سماعت کے دوران سرکاری مؤقف میں بھی یہ تسلیم کیا گیا کہ بھرتی کا عمل مکمل ہو چکا تھا، تاہم الیکشن کمہشن آف پاکستان کی ہدایات اور سابقہ عدالتی اسٹے آرڈر کے باعث آفر لیٹر جاری نہ ہو سکے۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا کہ 7 اگست 2023 کے ڈی ایس سی اجلاس کے مطابق سفارش کردہ تمام امیدواروں کو دستاویزات کی تصدیق کے بعد آفر لیٹر جاری کیے جائیں۔

عدالت نے مزید ہدایت کی کہ جب تک ان امیدواروں کو آفر لیٹر جاری نہیں کیے جاتے، اس وقت تک بی ایس-01 سے بی ایس-04 کی نان ٹیکنیکل اسامیوں پر نئی بھرتی کا عمل شروع نہیں کیا جائے گا۔

عدالت نے متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ پورا عمل 60 دن کے اندر مکمل کر کے رپورٹ عدالت میں جمع کرائی جائے، جبکہ حکم کی خلاف ورزی کرنے والے افسران کے خلاف قانونی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button