سندھ میں رواں ماہ ڈینگی کے175کیسزرپورٹ، محکمہ صحت سندھ کی رپورٹ جاری

کراچی(jano.pk) محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق رواں ماہ صوبے میں ڈینگی کے کل 175 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ سال 2025 کے آغاز سے اب تک مجموعی طور پر کیسز کی تعداد 819 تک جا پہنچی ہے۔ ان کیسز میں ایک ہلاکت بھی رپورٹ ہوئی ہے۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کا کہنا ہے کہ کراچی ڈویژن اس وقت سب سے زیادہ متاثرہے جہاں اب تک 85 کیسز رپورٹ ہوئے ، حیدرآباد ڈویژن میں 48 کیسز رپورٹ ہوئے،میرپورخاص میں 37، جبکہ سکھر میں 5 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ کراچی سمیت تمام ڈویژنز میں انسدادِ ڈینگی مہم تیز کر دی گئی ہے۔ اسپرے اور فاؤگنگ کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر جاری رکھا جا رہا ہے اور اسپتالوں میں مریضوں کے علاج کے لیے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ڈینگی ایک قابلِ انسداد بیماری ہے۔ گھروں میں پانی جمع نہ ہونے دیں تو اس وبا پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ محکمہ صحت کی ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر اضلاع میں ڈینگی کے مشتبہ اور مصدقہ کیسز کی نگرانی کر رہی ہیں اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر فوری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔



