وزیراعلیٰ سندھ کاکراچی میں بھتےکی پرچیاں ملنےکا نوٹس،پولیس کو فوری کارروائی کی ہدایت

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی میں تاجروں، صنعتکاروں اور پراپرٹی ڈیلرز کو بھتے کی پرچیاں ملنےکا نوٹس لے لیا۔

وزیر اعلیٰ ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ نے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز کے وفد سے ملاقات کی جس کی قیادت آباد کے چیئرمین حسن بخشی کر رہے تھے۔

وزیر اعلیٰ نے وفد سے شکوہ کیا کہ بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضے کا معاملہ میڈیا میں اٹھانے کے بجائے براہ راست ان کے سامنے لایا جانا چاہیے تھا۔

ملاقات کے دوران آباد کے نمائندوں نے بتایا چند ماہ قبل زمینوں پر قبضے کے خلاف سخت کارروائی کے بعد ان کی زمینوں پر کوئی نیا غیر قانونی قبضہ نہیں ہوا۔

وفد نے وزیر اعلیٰ کو بھتہ خوری کی وہ پرچیاں اور ٹیلی فون نمبرز  بھی فراہم کیے جہاں سے بھتے کے مطالبے سامنے آتے ہیں۔

آباد کے وفد نے بتایا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران بھتہ خوری کے تقریباً 10 واقعات سامنے آئے ہیں۔ پولیس نے ان 10 مقدمات میں اب تک ہونے والی پیش رفت سے وفد کو آگاہ کیا۔

وزیر داخلہ نے بتایاکہ پولیس نے وسیع پیمانے پر کارروائیاں کیں، 50 بھتہ خوروں کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا جبکہ پولیس مقابلوں میں 6 مجرم مارے۔

وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے پولیس افسران کو ہدایت کی کہ بھتہ خوری اور زمینوں پر قبضے سے متعلق آباد کی شکایت پر فوری کارروائی کی جائے۔

وزیر اعلیٰ  نے زمینوں پر قبضے اور بھتہ خوری کو ناقابل برداشت قرار  دیتے ہوئے کہا کہ پہلے بھی بھتہ خوروں کا خاتمہ کیا تھا، وفاقی حکومت سے بات کرکے بیرون ملک بیٹھے بھتہ خوروں کو لائیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button