سندھ میں سال کی سب سے بڑی منشیات مخالف کارروائی، 266 کلو آئس اور 60 کلو ہیروئن برآمد

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ نے رواں سال کی سب سے بڑی منشیات مخالف کارروائی کرتے ہوئے منشیات کی ایک بڑی اسمگلنگ ناکام بنا دی۔ خفیہ اطلاع پر کی گئی اس کارروائی کے دوران گاڑی اور گودام سے مجموعی طور پر 266 کلو 950 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، جس کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت 3 سے 4 ارب روپے بتائی جا رہی ہے۔
صوبائی وزیر ایکسائز، ٹیکسیشن و نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش کمار چاولہ نے میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ نارکوٹکس کنٹرول ونگ ضلع غربی کی ٹیم نے انتہائی مہارت، منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ صلاحیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے یہ بڑی اسمگلنگ ناکام بنائی۔ کارروائی دو مرحلوں میں مکمل کی گئی۔
پہلی کارروائی حب چوکی کے مقام پر کی گئی، جہاں ٹویوٹا پک اپ ریوو (LB-8950) کو روک کر تلاشی لی گئی۔ گاڑی کے خفیہ خانوں سے 240 کلو 350 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن برآمد ہوئی اور ملزم عارف اقبال ولد شاہ محمد کو گرفتار کیا گیا۔
دوسری کارروائی میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر گارڈن ویسٹ کے علاقے میں واقع ایک گودام سے لنڈے کے کپڑوں کی بوریوں میں 26 کلو 600 گرام آئس برآمد کی گئی۔ یوں مجموعی طور پر برآمد ہونے والی منشیات کی مقدار 266 کلو 950 گرام آئس اور 60 کلوگرام ہیروئن تک پہنچ گئی۔
مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ پکڑی گئی منشیات کی یہ کھیپ لاکھوں افراد کے استعمال کے لیے کافی تھی، جسے بروقت کارروائی کے ذریعے بازار تک پہنچنے سے روکا گیا۔ انہوں نے کامیاب کارروائی پر نارکوٹکس کنٹرول ونگ ضلع غربی کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ منشیات اسمگلنگ میں ملوث گروہ کے دیگر ارکان کی گرفتاری کے لیے مزید تفتیش جاری ہے۔
صوبائی وزیر نے واضح کیا کہ سندھ حکومت معاشرے سے منشیات اور منشیات فروشوں کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس مقصد کے تحت ایسی کارروائیاں آئندہ بھی بلاامتیاز جاری رہیں گی۔



