وزیراعلیٰ سندھ کا گل پلازہ آگ واقعے کا نوٹس، فوری انکوائری اور فائر سیفٹی آڈٹ کا حکم

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کراچی کے علاقے میں واقع گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی کو فوری انکوائری کا حکم دے دیا ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کی جائیں اور تفصیلی رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے آگ کے نتیجے میں ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ واقعہ میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو یہ بھی ہدایت دی کہ گل پلازہ میں موجود فائر سیفٹی انتظامات کی مکمل جانچ کی جائے اور یہ دیکھا جائے کہ آیا فائر سیفٹی قوانین پر عمل درآمد کیا جا رہا تھا یا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر تحقیقات میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ثابت ہوئی تو ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
مزید برآں، وزیراعلیٰ سندھ نے حکم دیا کہ کراچی کی تمام کمرشل عمارتوں میں فوری طور پر فائر سیفٹی آڈٹ کرایا جائے اور قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔



