گل پلازہ کے شہدا کے لواحقین کو ایک کروڑروپے فی کس ملیں گے،سندھ کابینہ نے منظوری دیدی

کراچی(جانو ڈاٹ پی کے)سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ میں شہید افرادکےاہلخانہ کو ایک کروڑ روپے فی کس دینے کی منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت ہونے والے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں بتایا گیا کہ سانحہ گل پلازہ میں متاثر ہونے والے دکانداروں کو 5-5 لاکھ روپے کچن اور یوٹیلیٹی اخراجات کے لیے کمشنر کے ذریعے ادا کیے جا رہے ہیں۔سندھ کابینہ نے متاثرہ دکانداروں کو ایک ایک کروڑ روپے بلاسود قرض فراہم کرنے کی منظوری دی اور اس موقع پر وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا کہنا تھا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ متاثرین کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں۔سندھ کابینہ نے سانحہ گل پلازہ پر افسوس کا اظہار کیا وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی سربراہی میں سب کمیٹی قائم کردی گئی، سب کمیٹی میں صوبائی وزراء؛ شرجیل انعام میمن، ناصر حسین شاہ، سعید غنی اور ضیاء الحسن لنجار شامل ہیں۔



