بیساکھی میلہ،سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد ننکانہ صاحب پہنچ گئی
ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر اور ڈی پی او ارسلان زاہد نے یاتریوں کا استقبال کیا

ننکانہ صاحب(نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے)بیساکھی میلہ میں شرکت کیلئے بھارت سمیت دنیا بھر سے ہزاروں یاتری بابا گورونانک کے جنم استھان پہنچ گئے۔سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی کریں گے ڈپٹی کمشنر تسلیم اختر اور ڈی پی او ارسلان زاہد نے یاتریوں کا استقبال کیا اور گل پاشی کی گئی ہے۔

حکومت پاکستان نے تقریباً3ہزار بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری کئے ہیں جبکہ 8ہزار سے زائد یاتری ننکانہ صاحب تقریبات میں شریک ہیں۔آر پی او شیخوپورہ پولیس رینج اطہر اسماعیل نے گوردوارہ جنم استھان کا دورہ کیا اور کہا ہے کہ سکھ یاتریوں کو بہترین سہولیات اور فول پروف سیکورٹی کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔

انتظامیہ لنگر رہائش اور صحت کے حوالے سے یاتریوں کو سہولیات فراہم کرنے میں متحرک ہے یہاں سے یاتری سچا سودا اور پھر گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال جائیں گے۔



