ایرانی وزیر داخلہ سکندر مومنی کا پاکستان مونومنٹ کا دورہ، یادگارِ شہداء پر حاضری


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ایران کے وزیر داخلہ سکندر مومنی نے اپنے دورۂ پاکستان کے دوران پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے ان کا استقبال کیا۔
اس موقع پر فیڈرل کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستے نے ایرانی وزیر داخلہ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔
سکندر مومنی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔ انہوں نے وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔
دورے کے دوران ایرانی وزیر داخلہ کو پاکستان مونومنٹ کی تاریخی، ثقافتی اور قومی اہمیت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔ انہوں نے یادگارِ شہداء اور پاکستان مونومنٹ کی قومی حیثیت کو سراہا، جبکہ شکر پڑیاں سے اسلام آباد شہر اور مارگلہ کے حسین پہاڑی سلسلے کا بھی مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر آئی جی فیڈرل کانسٹیبلری ریاض نذیر گاڑا، ڈی آئی جی اسلام آباد اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔