بالی ووڈ اداکار سدھارتھ ملہوترا کے والد طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

دہلی(جانوڈاٹ پی کے) بالی ووڈ کے معروف اداکار سدھارتھ ملہوترا کے والد سنیل ملہوترا طویل علالت کے بعد نئی دہلی میں انتقال کر گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار نے سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے اپنے والد کے انتقال کی تصدیق کی ہے، خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ سنیل ملہوترا کا انتقال 14 فروری کو ہوا، جس کے بعد سدھارتھ ملہوترا اپنے اہلخانہ کے ہمراہ دہلی میں موجود ہیں جہاں ان کے والد کی آخری رسومات ادا کر دی گئی ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سنیل ملہوترا گزشتہ کافی عرصے سے بیمار تھے اور زندگی کی جنگ لڑ رہے تھے، سنیل ملہوترا مرچنٹ نیوی میں بطور کمانڈر خدمات سرانجام دے چکے تھے اور انہیں سدھارتھ ملہوترا کی پیشہ ورانہ زندگی میں ایک بااثر شخصیت تسلیم کیا جاتا تھا۔
سدھارتھ ملہوترا نے اپنے والد کو جذباتی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا کہ ان کے والد اعلیٰ اصولوں اور وقار والے انسان تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مرچنٹ نیوی کے کپتان کے طور پر سمندروں پر حکمرانی سے لے کر علالت کے دوران ہمت دکھانے تک، ان کے والد نے کبھی اپنے اقدار پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
اداکار کا کہنا تھا کہ فالج کے باعث وہیل چیئر تک محدود ہونے کے باوجود ان کے والد کے حوصلے بلند رہے۔ سدھارتھ نے لکھا پاپا، آپ کی دیانت میرا ورثہ ہے اور آپ کی طاقت ہر روز میری رہنمائی کرتی ہے۔ میں آپ کے نام، اصولوں اور روشنی کو ہمیشہ آگے لے کر چلوں گا۔



