شوگر،سیمنٹ سیکٹر سے ٹیکس وصولی میں52ارب روپے اضافہ

اسلام آباد(کامرس ڈیسک)ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کے نفاذ اور پیداوار کی ویڈیو لنک کے زریعے مانیٹرنگ کے بہتر نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے۔شوگر اور سیمنٹ سیکٹر سے ٹیکس وصولی میں 52 ارب روپے سے زیادہ اضافہ ہوگیا۔ ایف بی آر کے مطابق صرف شوگر سیکٹر میں نومبر سے ستمبر2025کے دوران144ارب روپے سے زیادہ ٹیکس وصول کیا گیا۔
اہم کاروباری شعبوں میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلئے نصب ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم اورپیداوار کی کیمروں کے ذریعے نگرانی کے حوصلہ افزاء نتائج سامنے آنے لگے۔ ایف بی آر کے مطابق شوگراورسیمنٹ سیکٹر میں ٹیکس وصولی میں 52ارب روپے سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ صرف شوگر سیکٹر سے11ماہ میں ٹیکس وصولی میں35.2ارب روپے اضافہ ہوا۔
نومبر2024سےستمبر 2025کے دوران شوگر سیکٹر سے 144.3ارب روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔ یہ ریونیو سیلز ٹیکس اور فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں جمع ہوا۔ گزشتہ سال اسی مدت میں چینی کے شعبے سے ٹیکس وصولی 109ارب روپے تھی۔ پرائس مانیٹرنگ سے 16.8 ارب روپے اور پیداوار کی نگرانی سے 18.4 ارب اضافی آمدن ہوئی۔ مالی سال 2026میں شوگر سیکٹر سے75 ارب اضافی ریونیو کا تخمینہ ہے۔



