امن دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری،انہیں قانون کے کٹہرے تک ضرور لایا جائے گے، میئر سکھر ارسلان اسلام شیخ

شکارپور پولیس آپریشن:زخمی افسران کی عیادت، بہادری کو خراجِ تحسین اور سندھ حکومت کا مضبوط عزم

سکھر(جانوڈاٹ پی کے) ترجمان حکومت سندھ، میئر سکھر اور انفارمیشن سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی سکھر ڈویژن بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے کہا ہے کہ شکارپور میں ہونے والا حالیہ پولیس آپریشن صوبے میں امن و امان کے قیام اور جرائم پیشہ عناصر کے خاتمے کے لیے سندھ حکومت کے واضح اور غیر متزلزل عزم کا اظہار ہے۔

انہوں نے ضیاء الدین اسپتال، شکارپور روڈ میں ڈی ایس پی پارس بکھرانی اور ڈی ایس پی ظہور سومرو کی عیادت کی، جو آپریشن کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے زخمی ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے دونوں افسران کی جرات، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کو زبردست انداز میں سراہا اور کہا کہ سندھ پولیس کی قربانیاں ہمارے لیے باعثِ فخر ہیں۔

بیرسٹر ارسلان اسلام شیخ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایات بالکل واضح ہیں کہ صوبے میں ریاستی رٹ کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ "وزیراعلیٰ سندھ کی ڈائریکشن ہے کہ امن دشمن عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے—چاہے وہ دس ہوں یا دس ہزار، انہیں قانون کے کٹہرے تک ضرور لایا جائے گا۔”

انہوں نے واضح کیا کہ شکارپور آپریشن پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے عوامی تحفظ اور دیرپا امن کے ویژن کی عملی مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ "چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں سندھ حکومت کی پالیسی واضح ہے: جرائم اور دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرینس، اور شہریوں کے تحفظ کو اولین ترجیح۔”

ترجمان سندھ حکومت نے بتایا کہ زخمی افسران کی فلاح و بہبود کے لیے سندھ حکومت ہر ممکن معاونت فراہم کر رہی ہے، جب کہ شکارپور آپریشن کی پیش رفت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے تاکہ علاقے میں دیرپا امن کو یقینی بنایا جا سکے۔

عیادت کے اختتام پر دونوں افسران کی شادی کی سالگرہ کے موقع پر کیک کاٹنے کی مختصر تقریب بھی منعقد کی گئی جس کا مقصد اہلکاروں کے حوصلوں کو مزید بلند کرنا تھا۔ میئر سکھر نے میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی ذمہ دارانہ کوریج سندھ حکومت کی امن و استحکام کی کوششوں کو عوام تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button