سندھ حکومت کے ترجمان ارسلان اسلام کا شکارپور آپریشن میں زخمی اہلکاروں کی عیادت، بہادری کو خراج تحسین

سکھر(جانوڈاٹ پی کے) سندھ حکومت کے ترجمان ارسلان اسلام شیخ نے شکارپور آپریشن میں زخمی ہونے والے اہلکاروں اور افسران کی عیادت کے لیے ہسپتال کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے زخمیوں کے مزاج اور صحت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
ڈاکٹروں نے ارسلان اسلام شیخ کو زخمی اہلکاروں کے علاج معالجے اور فراہم کی جانے والی طبی سہولیات سے آگاہ کیا۔ ارسلان اسلام شیخ نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ زخمی اہلکاروں کو مزید خصوصی نگہداشت اور بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔
ترجمان سندھ حکومت نے زخمی ڈی ایس پیز اور اہلکاروں کی بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ سندھ پولیس کے جوانوں نے اپنی جان کی پرواہ کیے بغیر عوام کے تحفظ کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دی ہیں۔ انہوں نے خاص طور پر خاتون افسران کی بہادری پر خوشی اور فخر کا اظہار کیا۔
ارسلان اسلام شیخ نے واضح کیا کہ سندھ حکومت کا پیغام ہے کہ چاہے ڈاکو دس ہوں یا دس ہزار، تمام مجرم اپنے انجام کو پہنچیں گے۔ انہوں نے شکارپور پولیس کے جوانوں کی شجاعت اور جرأت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سر فخر سے بلند کیا ہے اور قانون کے نفاذ میں بہترین مثال قائم کی ہے۔



