خونی مین ہول ایک اور جان لے گیا، شکارپور میں 5 سالہ بچہ کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق

شکارپور(جانوڈاٹ پی کے)نیو فوجداری تھانہ کی حدود بھٹائی کالونی میں میونسپل انتظامیہ کی مبینہ غفلت کے باعث ایک اور افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں پانچ سالہ معصوم بچہ کھلے گٹر (مین ہول) میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔
جاں بحق ہونے والے بچے کی شناخت عادل محمد کے نام سے ہوئی ہے، جو اپنے گھر کے باہر گلی میں کھیلنے گیا تھا۔ بچے کے والد غلام فاروق لاشاری کے مطابق علاقے میں گزشتہ تین ماہ سے گٹر کا ڈھکن غائب تھا، جس کی متعدد بار شکایات کی گئیں لیکن متعلقہ اداروں نے کوئی کارروائی نہ کی۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ میونسپل انتظامیہ کی لاپرواہی کے باعث شہر میں جگہ جگہ کھلے خونی گٹر موجود ہیں، جن کی وجہ سے اس سے قبل بھی کئی بچے اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر واقعے کا نوٹس لیا جائے اور بچے کی ہلاکت کو قتل قرار دیتے ہوئے ذمہ دار حکام کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے، تاکہ آئندہ ایسے سانحات کا تدارک ممکن ہو سکے۔



