وزیراعظم کے فیلڈمارشل، سروسز چیفس، سیاسی قائدین سے ٹیلی فونک رابطے، عید کی مبارک باد

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے سروسز چیفس، اسپیکر قومی اسمبلی سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کو عید کی مبارک باد دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے چیف آف آرمی سٹاف اور چیف اف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر اور بحری افواج کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور سروسز چیفس کو عید کی مبارک باد دی۔
وزیر اعظم نے سروسز چیفس سے گفتگو میں عید کے دن اہل و عیال سے دور، پاکستان کی حفاظت کیلیے سرحدوں پر موجود سیکیورٹی فورسز کے سپاہیوں اور افسران کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس کے علاوہ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے اسپیکر قومی اسمبلی، گورنرز، وزرائے اعلی اور سیاسی قائدین سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے عید کی مبارکباد دی۔
اس کے علاوہ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، گورنر سندھ نہال ہاشمی، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل کو بھی بذریعہ ٹیلی فون عید کی مبارک باد دی۔
وزیرِ اعظم نے وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف اور وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ سے بھی ٹیلی فونک رابطہ کی اور عید الفطر کی مبارکباد دی۔
اس کے علاوہ وزیرِ اعظم نے اتحادی جماعتوں اور سیاسی جماعتوں کے قائدین سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی۔
شہباز شریف نے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ،سربراہ جمیعت علما اسلام مولانا فضل الرحمن، چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان خالد مقبول صدیقی، عوامی نیشنل پارٹی کے صدر ایمل ولی خان، صدر بلوچستان عوامی پارٹی سردار خالد حسین مگسی، صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان اور سینئیر رہنما پاکستان مسلم لیگ ق چوہدری سالک حسین سے بھی ٹیلی فونک گفتگو اور عید کی مبارک باد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔



