وزیراعظم شہباز شریف چند گھنٹوں کے ہنگامی دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئے

 اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف چند گھنٹوں کے ہنگامی سرکاری دورہ پر سعودی عرب پہنچ گئے۔

وزیراعظم کا جدہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے رائل ٹرمینل پر مکہ ریجن کے ڈپٹی گورنر نے استقبال کیا، ریاض میں پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دیگر سفارتی عملے نے وزیراعظم کا استقبال کیا۔

وزیراعظم آفس کے مطابق  وزیراعظم سعودی عرب میں چند گھنٹے قیام کریں گے،  وزیراعظم سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، سعودی ولی عہد سے ملاقات کے بعد وطن واپس روانہ ہو جائیں گے۔

اعلامیے کے مطابق  وزیر اعظم اور سعودی ولی عہد کے درمیان ملاقات میں خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوگی، ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دو طرفہ تعلقات پر تفصیلی بات چیت ہو گی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق کے مطابق  وزیراعظم کے دورے سے پاکستان کا سفارتی میدان میں مثبت کردار  واضح ہو رہا ہے،  پاکستان سفارتی میدان میں اپنا یہ کردار ادا کرتا رہےگا۔

اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسن اندرابی نے  ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ وزیراعظم  شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر سعودی عرب روانہ ہوئے ہیں، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر اعظم کا دورہ سعودی عرب بہت اہمیت کا حامل ہے، وزیراعظم کا دورہ دو طرفہ قریبی مشاورت، خطے میں امن و سلامتی سے متعلق امور  پر رابطوں کا حصہ ہے، پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے، جنگ بندی، مذاکرات اور سفارتکاری کے لیے کوششیں جاری رکھے گا۔

مزید خبریں

Back to top button