وزیراعظم شہباز شریف غزہ امن بورڈ اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے

واشنگٹن (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف غزہ امن بورڈ کے اہم اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئے ہیں۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی وزیراعظم کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے موقع پر وزیراعظم کی امریکی قیادت اور دیگر عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں متوقع ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف 20 فروری تک امریکا میں قیام کریں گے۔
خیال رہے کہ غزہ بورڈ آف پیس کا اجلاس آج امریکا میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعرات کو غزہ بورڈ آف پیس اجلاس کی میزبانی کریں گے۔
ترجمان کے مطابق اجلاس میں شریک رکن ممالک کی جانب سے غزہ کیلئے 5 ارب ڈالر سے زائد امداد کے وعدوں کا اعلان متوقع ہے، جبکہ 20 سے زائد ممالک اجلاس میں شرکت کریں گے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ اجلاس میں غزہ کی تعمیر نو اور مستقبل کے امن سے متعلق امور پر غور کیا جائے گا۔



