وزیراعظم شہباز شریف کے اہم غیر ملکی دوروں کا شیڈول تیار

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف کے اہم غیر ملکی دوروں کا باضابطہ شیڈول تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت وہ یورپ اور امریکا کے کلیدی سفارتی مراکز کا دورہ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف 15 اور 16 فروری کو آسٹریا کے دارالحکومت ویانا جائیں گے، جہاں وہ آسٹرین قیادت سے اعلیٰ سطحی ملاقاتیں اور باہمی امور پر تفصیلی بات چیت کریں گے۔ دورے میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور عالمی امور زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔
ویانا کے دورے کے بعد وزیراعظم دو روزہ نجی دورے پر لندن روانہ ہوں گے، جہاں قیام کے بعد وہ 18 فروری کو واشنگٹن کے لیے روانہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف 19 فروری کو واشنگٹن میں بورڈ آف پیس کی اہم نشست میں شرکت کریں گے، جبکہ 20 فروری کو امریکی صدر سے دوطرفہ ملاقات کا قوی امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس میں پاک امریکا تعلقات، خطے کی صورتحال اور عالمی چیلنجز پر گفتگو متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم کے ہمراہ اعلیٰ شخصیات اور سینئر حکام پر مشتمل وفد بھی ہوگا، جو مختلف سطحوں پر ملاقاتیں اور مشاورت کرے گا۔
سیاسی و سفارتی حلقوں کے مطابق یہ دورہ پاکستان کی خارجہ پالیسی اور عالمی روابط کے حوالے سے غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔



