وزیراعظم کی مون سون متاثرین کیلئے مالی امداد کی ہدایت، تباہ گھروں کی بحالی کا فیصلہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی ہدایت کردی، جبکہ جاں بحق افراد کے لواحقین اور تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کو بھی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے جائزے کے لیے اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے ہدایت کی کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے خاندانوں کو مالی معاونت فراہم کی جائے۔

شہباز شریف نے بارشوں اور سیلاب سے مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے مالکان کی بھی مالی مدد کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے متاثرہ علاقوں میں بجلی کی ترسیل کے نظام اور سڑکوں کی بحالی کا کام جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے متعلقہ وفاقی وزراء اور سیکرٹریز کو متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا خود جائزہ لینے اور بحالی کا کام شروع کروانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے امدادی کارروائیاں مزید تیز کرنے اور ان علاقوں میں خوراک سمیت دیگر ضروری امدادی سامان فوری پہنچانے کی ہدایت بھی کی جہاں رسائی میں مشکلات کے باعث تاحال امداد نہیں پہنچ سکی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو مون سون 2026 کے اثرات اور این ڈی ایم اے سمیت صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کی امدادی کارروائیوں پر بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ متاثرہ علاقوں سے سیلاب متاثرین کو بروقت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاچکا ہے۔

حکام کے مطابق ملک بھر کے بارشوں سے متاثرہ علاقوں میں اب تک مجموعی طور پر 615 ٹن امدادی سامان پہنچایا جاچکا ہے، جبکہ مزید امدادی سامان کی ترسیل بھی جاری ہے۔

پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے متاثرہ علاقوں میں انفراسٹرکچر کی بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ شمالی علاقوں میں ارلی وارننگ سسٹم فعال ہیں، جن کی مدد سے سیلاب آنے سے قبل متعدد شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button