غزہ میں امن کی امید پر غزہ پیس بورڈ میں شمولیت اختیار کی، وزیراعظم شہباز شریف

لندن (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان نے غزہ میں امن کے قیام کی امید کے ساتھ غزہ پیس بورڈ میں شمولیت اختیار کی ہے۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے بتایا کہ پاکستان کو غزہ پیس بورڈ میں شمولیت کی دعوت دی گئی تھی، جس کی وفاقی کابینہ نے منظوری دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اس فورم میں اس نیت کے ساتھ شمولیت اختیار کی ہے کہ غزہ میں پائیدار امن قائم ہو اور فلسطینی عوام کو ان کے جائز حقوق عزت و وقار کے ساتھ مل سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ امید ہے غزہ کی جلد تعمیر نو ہوگی اور فلسطینی عوام کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے گا۔ انہوں نے اپنے حالیہ دورہ ڈیووس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ڈیووس کا دورہ نہایت مثبت رہا، جہاں عالمی رہنماؤں کے ساتھ اہم ملاقاتیں ہوئیں، جن میں آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات بھی شامل ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور جنوبی ایشیا میں جنگ رکوانے میں کردار ادا کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے سے جنوبی ایشیا میں لاکھوں انسانی جانیں بچ گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button