دہشتگردی کے خطرات ابھی ختم نہیں ہوئے، دشمن سوشل میڈیا کے ذریعے پاکستان کے خلاف سرگرم ہے، وزیر اعظم شہباز شریف

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں زندگی کے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے بے مثال قربانیاں دیں، جن کے نتیجے میں 2018 میں دہشتگردی کے واقعات میں نمایاں کمی آئی۔
قومی ورکشاپ میں خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردی کے خطرات مکمل طور پر ختم نہیں ہوئے اور دشمن سوشل میڈیا کو ہتھیار بنا کر پاکستان کی سالمیت کے خلاف منفی مہم چلا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ سانحہ آرمی پبلک اسکول کے بعد یہ قومی فیصلہ کیا گیا تھا کہ گُڈ اور بیڈ طالبان کی تفریق ختم کر کے دہشتگردوں کے خلاف بلا امتیاز اور متحدہ کارروائیاں کی جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ افواجِ پاکستان، پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سمیت ایک لاکھ سے زائد پاکستانی اس جنگ میں شہید ہوئے۔
شہباز شریف نے کہا کہ 2018 کے بعد دہشتگردی نے دوبارہ سر اٹھایا، سوات سے دہشتگردوں کی رہائی اور افغانستان سے بعض عناصر کی پاکستان منتقلی کے باعث سکیورٹی صورتحال متاثر ہوئی۔
وزیر اعظم نے افسوس کا اظہار کیا کہ آج کل سوشل میڈیا پر بعض عناصر شہدا کے خلاف نازیبا گفتگو کرتے ہیں، جو دشمن کے بیانیے کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف منظم سازشیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کے مختلف حصوں میں آئے روز دہشتگردی کے واقعات پیش آ رہے ہیں، جس کے پیش نظر عوام اور ریاستی اداروں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ضرورت ہے۔



