عوامی تحریک ضلع بدین کا اجلاس مہراں درس کی صدارت میں ٹالپر ہاؤس بدین میں منعقد ہوا

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ پی کے)عوامی تحریک ضلع بدین کا اجلاس ضلع صدر مہراں درس کی صدارت میں ٹالپر ہاؤس بدین میں منعقد ہوا، جس میں عوامی تحریک کے مرکزی نائب صدر ستار رند نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پر رہنماؤں نے کہا کہ سندھ کو پیپلز پارٹی کی حکومت نے پولیس اسٹیٹ بنا دیا ہے، تھانوں کے ایس ایچ اوز وڈیروں کے ذاتی ملازم بن چکے ہیں اور نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے۔ عالمی سامراجی قوتیں سندھ کی سرزمین اور وسائل پر بری نظر رکھے ہوئے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی اقتدار کی خاطر پورا سندھ بیچ رہی ہے اسی وجہ سے سندھ میں بدامنی، لاقانونیت اور منشیات کا کاروبار سرکاری مشینری کی سرپرستی میں جاری ہے۔ سندھ کی زمینیں غیر ملکی کمپنیوں کو فروخت کرنے کے لیے کارپوریٹ فارمنگ کا ڈھونگ رچایا جا رہا ہے
اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ ضلع بدین کی خالی پڑی سرکاری زمینیں مقامی سندھی بے زمین ہاریوں اور ہاریانیوں کو دی جائیں۔ تیل اور گیس کی رائلٹی کا سالانہ تخمینہ ظاہر کرکے اس رقم کو ضلع کے صحت اور تعلیمی اداروں پر خرچ کیا جائے اجلاس میں مختیار بکاری، ہمیرو مل، اے کے احمدانی، علی احمد میمن، ایڈووکیٹ رمضان رند، ایڈووکیٹ محبت ہالیپوٹو، دلدار نوحاڻي، گلزار، رشید، نواب، امام الدین، ستو، گومندو، سورج، مانک بہادر، ہاشم سومرو اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔



