پاکستانی پاسپورٹ کی اہمیت پوری دنیا پر واضح ہوگئی،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں منعقد ہونے والے ایک بڑے ایونٹ کے ذریعے پاکستان اور اس کے گرین پاسپورٹ کی اہمیت پوری دنیا پر واضح ہوئی ہے۔ انہوں نے صدرِ پاکستان، وزیرِ اعظم اور فیلڈ مارشل کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی عالمی سفارتی سطح پر پاکستان کی برتری اور بھارت کی ناکامی کو ظاہر کرتی ہے، جبکہ بھارت اس صورتحال پر شدید ردِعمل کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کی واحد اسلامی ایٹمی طاقت ہے اور “معرکۂ حق” کے ذریعے بھی ملک کو کامیابی حاصل ہوئی ہے، جس کے باعث بھارتی میڈیا پریشانی میں مبتلا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف سوشل اینڈ الیکٹرانک میڈیا کراچی میں اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی زیرِ صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں وزرائے اعلیٰ نے شرکت کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی تاریخ اس بات کی عکاس ہے کہ وہ ہمیشہ عوام کے بہتر مستقبل کے لیے کام کرتی آئی ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کے ذریعے اہم ڈیٹا اکٹھا کیا گیا ہے جس کی بنیاد پر بڑے پیمانے پر ہاؤسنگ منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت اکیس لاکھ خاندانوں کو گھر فراہم کیے جا رہے ہیں ۔ اس کے علاوہ سندھ حکومت نے بینظیر ہاری کارڈ بھی متعارف کرایا ہے، جبکہ بی آئی ایس پی کے پاس غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کا مکمل ڈیٹا موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ مختلف وجوہات کی وجہ سے گندم کی کاشت کم ہورہی تھئ، اس لئے حکومت سندھ نے کاشتکاروں کو گندم کی کاشت کرنے کے لئے ڈی اے پی اور یوریا کی بوریاں دینے کا اعلان کیا، تاکہ ان کی حوصلہ افزائی ہو سکے، برساتوں سے متاثرہ گندم کی فصل کے لیے کسانوں کو ادویات بھی دی گئیں اور اس سال گندم کی پیداوار کو بمپر کراپ قرار دیا گیا ہے، بمپر کراپ کے نتیجے میں آج ہمارے پاس گندم وافر مقدار میں موجود ہے۔ اس وقت گندم کی کٹائی شروع ہو چکی ہے، اس لئے حکومت سندھ نے تین لاکھ سے زائد چھوٹے کاشتکاروں کو فی ایکڑ پندرہ سو روپے فراہم کیے گئے۔ واحد سندھ حکومت ہے جو کاشتکاروں کو پیسے دے چکی ہے۔ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی حکومت سندھ نے سرکاری خواہ نجی ٹرانسپورٹ میں مسافروں کے لئے سبسڈی دی رہی ہے، تاکہ کرائے نہ بڑھیں اور عوام کو پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ سندھ میں 65 لاکھ لوگ موٹر سائیکل چلاتے ہیں، موٹر سائیکل چلانے والوں کے کئے بھی حکومت سندھ نے فی کس 2000 ہزار روپے دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا، سندھ بینک کے ذریعے لوگوں کو رقم تقسیم کی جارہی ہیں، اس وقت بھی ڈیٹا آرہا ہے اور لوگ کوائف جمع کروا رہے ہیں۔ جس کے لیے درخواست دینے کا طریقہ کار اخبارات میں شائع کیا جائے گا۔
انج کا کہنا تھا ٹرانسپورٹ کے شعبےمیں بھی انٹر سٹی اور انٹرا سٹی گاڑیوں کو سبسڈی دی جارہی ہے، پنک اسکوٹیز کی فراہمی کا سلسلہ کراچی سے شروع کیا گیا، سندھ بھر میں بچیوں کو ٹریننگ دینے کا سلسلہ شروع کیا گیا، سکھر اور حیدرآباد میں بچیوں نے اسکوٹی چلانے کی تربیت مکمل کر لی ہے، اور انہوں ںے لائسنس بھی لے لئے ہیں، سکھر اور حیدرآباد میں جلد پنک اسکوٹیز کی تقسیم شروع کرنے جارہے ہیں، شکارپور تا سکھر، خیرپور، حیدرآباد میں بھی پیپلز بس سروس کے نئے روٹ جلد شروع کرنے جا رہے ہیں تاکہ لوگوں کو زیادہ سے زیادہ سہولت مل سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ کی پہلی ترھیح یہ ہے کہ تمام سیکٹرز کو ترجیح دیں اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور صدر آصف علی زرداری کے واضح احکامات ہیں کہ ہر شعبے میں عوام کو ریلیف دینے کے لئے کوششیں لی جائیں، صحت کے شعبے میں بڑی کامیابیاں حاصل کی جا رہی ہیں۔
صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پولیو ایک خطرناک بیماری ہے جس سے بچاؤ صرف بروقت ویکسینیشن کے ذریعے ممکن ہے، اسی لیے ایک بھرپور آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ اس مہم کو گھروں سے باہر نکال کر سوشل میڈیا، دوستوں اور رشتہ داروں تک بھی پہنچائیں تاکہ ہر بچہ محفوظ رہ سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومتوں نے ہمیشہ صحت عامہ کے منصوبوں کو ترجیح دی ہے اور پولیو کے خاتمے کے لیے اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔



