قدرتی آفات پر سیاست کرنا افسوسناک عمل ہے،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ قدرتی آفات پر سیاست کرنا افسوسناک عمل ہے، غیر معمولی بارش یا اچانک شدت اختیار کرنے والی موسمی صورتحال میں “پیک لوڈ پریشر” ایک ناگزیر حقیقت ہے، جس سے دنیا کا کوئی بھی بڑا شہر مکمل طور پر محفوظ نہیں رہ سکتا۔ایک بیان میں ان کا کہنا تھا کہ پانی کے بہاؤ اور نکاسی کا ایک قدرتی وقت ہوتا ہے اور یکسر نکاسی آب کہیں بھی ممکن نہیں ہوتی۔انہوں نے مزید کہا کہ چلتی بارش کے دوران کچھ عناصر صرف تنقید برائے تنقید کے لیے میدان میں آ جاتے ہیں، جو نہ صرف غیر ضروری ہے بلکہ عوامی خدمت انجام دینے والے اداروں کے مورال پر بھی منفی اثر ڈالتی ہے۔

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں بھی شدید بارش کے دوران وقتی طور پر پانی جمع ہونا ایک معمول کی بات ہے، تاہم متعلقہ ادارے مسلسل کام کرتے ہوئے صورتحال کو معمول پر لاتے ہیں۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قدرتی آفات کے دوران خدمات انجام دینے والے افراد اور اداروں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے نہ کہ انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ شہریوں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے، مشکل گھڑی میں اتحاد ہی بہترین حل ہے اور عوام کو چاہیے کہ وہ گمراہ کن پروپیگنڈا پر دھیان نہ دیں۔

مزید خبریں

Back to top button