اتحادی جماعتوں میں کشیدگی،سندھ اور وفاق آمنے سامنے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان متحدہ قومی موومنٹ اور پاکستان پیپلزپارٹی کی لڑائی وفاقی حکومت تک پہنچ گئی۔پاکستان پیپلزپارٹی نے وفاقی حکومت کو ایم کیو ایم کے وفاقی وزرا کی سندھ حکومت کے خلاف پریس کانفرنس پر شکوہ کردیا۔
سندھ سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کہتے ہیں میں وفاقی حکومت کے اتحادی متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے بعض وفاقی وزراء کیساتھ ملکر حکومت سندھ کیخلاف کھلم کھلا نفرت انگیز تقاریر اور سازشوں کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے ٹویٹ میں کہا ایک منظم مہم کے تحت وفاقی وزراء ہماری صوبائی حکومت کو کمزور کرنے کے لیے پروپیگنڈے اور بدنیتی پر مبنی کوششوں میں مصروف ہیں۔
انہوں نے اپنی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی حکومت سے سنجیدگی سے وضاحت طلب کریں۔ ایک طرف وفاقی حکومت ہر معاملے پر ہم سے تعاون چاہتی ہے اوردوسری طرف ان کے اتحادی اور وزراء روزانہ سندھ اور اس کے عوام کے خلاف سازشیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔



